ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن، بیٹے ابھیشیک بچن، بہو ایشوریا رائے سمیت ان کی بیٹی آرادھیا بچن بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تاہم جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
امیتابھ بچن نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور مجھے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے اہل خانہ اور دیگر اسٹاف کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جاچکا ہے اور اب اُن لوگوں کی ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار ہے۔
امیتابھ بچن کا کورونا ٹیسٹ آنے کے بعد اہل خانہ کا بھی ٹیسٹ کیا گیا جس میں ابھیشیک بچن، ان کی اہلیہ ایشوریا رائے اور بیٹی آرادھیا بچن کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے جب کہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر درخواست کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ جو لوگ ممکنہ طور پر کم از کم 10 روز سے میرے ساتھ منسلک ہیں، برائے مہربانی وہ لوگ بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروالیں۔