اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
یوم شہدائے کشمیر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے استصواب رائےکے حق کے لیے ثابت قدمی سے کھڑا ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا دن دور نہیں، کشمیریوں کے آباو اجداد نسل درنسل سے آزادی کے لیے جانیں قربان کرتے آئے ہیں، آج کشمیری جرات سے ہندوتوا بالادستی کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں، ہندوتوا بالادستی کا مقصد آبادی میں تناسب تبدیل کر کے کشمیریوں کا صفایا کرنا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہندوتوا بالادستی کا مقصد کشمیریوں کی شناخت مٹانا ہے، یوم شہدائے کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں، موجودہ کشمیری مزاحمت 13 جولائی 1931 کے شہدا کی جدوجہد کا تسلسل ہے۔
واضح رہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر آج مقبوضہ کشمیر میں یوم شہدا منایا جاریا ہے اور وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔
یومِ شہدا کا پس منظر آج ہی کے دن 1931 میں ڈوگرہ فوج نے 22 کشمیریوں کو فائرنگ کر کے شہید کیا تھا، یہ شہدا عبدالقدیر خان غازی کے خلاف مقدمے پر احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے اور ڈوگر فوج نے سری نگر جیل کے باہر موجود کشمیریوں پر اذان دینے پر فائرنگ کردی تھی۔
کشمیریوں کی شہادت پرڈوگرہ راج کے خلاف اٹھنا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ابتداتھی اور 1931 سے اب تک کنٹرول لائن کے اطراف 13 کو یوم شہدا کے طور پر منایا جاتا ہے۔