سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کووِڈ-19 سے روزانہ ہونے والی اموات میں کئی ہفتے کے بعد پہلی مرتبہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں اس مہلک وائرس کا شکار 20 مریض چل بسے ہیں۔وزارتِ صحت نے سوموار کو کرونا وائرس کے 2852 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔
سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے تصدیق شدہ کل کیسوں کی تعداد 235111 ہوچکی ہے۔وزارت صحت نے کووِڈ-19 کے مزید 2704 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی اطلاع دی ہے۔اس طرح کل صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 169842 ہوگئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ دو ہفتوں کے دوران میں روزانہ 30 سے 56 تک اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔اب 20 نئی اموات کے بعد سعودی عرب میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2243 ہوگئی ہے۔
آج بھی دارالحکومت الریاض میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ 258 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ساحلی شہر جدہ میں 235، الہفوف میں 203 اور الدمام میں 177 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔باقی کیس مملکت کے دوسرے شہروں اور قصبوں سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
سعودی عرب میں گذشتہ نو روز کے دوران میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس طرح اس وائرس کے خطرے کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اس کی نشان دہی عالمی ماہرین پر مشتمل ٹیموں کے وضع کردہ نقشے سے ہوئی ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے گلوبل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ اور ایڈمنڈ جے سفرا مرکز برائے اخلاقیات کی ٹیموں نے دنیامیں کرونا وائرس کے پھیلنے کے رجحانات کی نشان دہی کے لیے یہ نقشہ وضع کیا تھا۔