اداکار رنبیر کپور کا ہمشکل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا

Junaid Shah - Ranbir Kapoor

Junaid Shah – Ranbir Kapoor

سری نگر (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کا ہمشکل جنید شاہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا، جنید شاہ کو رنبیر سے مماثلت کی وجہ سے شہرت حاصل تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر سے تعلق رکھنے والے جنید شاہ اداکار رنبیر کپور سے حیرت انگیز مماثلت رکھتے تھے لیکن دل کے دورے کے سبب اب وہ اس دنیا میں نہیں رہے۔

28 سالہ جنید شاہ حال ہی میں ممبئی سے سری نگر میں موجود اپنے گھر واپس آئے تھے۔

مقبوضہ کشمیر کے سینئر صحافی یوسف جمیل نے بھی جنید شاہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میرے پرانے پڑوسی نثار احمد شاہ کے بیٹے جنید شاہ گزشتہ رات دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔ جنید نہ صرف اپنے ماں باپ بلکہ پورے کشمیر کے لیے بڑی اُمید اور طاقت تھے۔

رنبیر سے مشابہت کی وجہ سے جنید شاہ ماڈلنگ بھی کر رہے تھے اور ممبئی میں مختلف پروجیکٹ پر کام بھی کر رہے تھے۔ وہ انوپم کھیر کے ایکٹنگ اسکول سے بھی وابستہ تھے تاہم وہ والد کی طبیعت ناسازی کی وجہ سے حال ہی میں سری نگر واپس آگئے تھے۔

واضح رہے کہ ماضی میں رشی کپور نے اپنے بیٹے کے ہمشکل کے حوالے سے ٹویٹ میں حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ رنبیر کپور کا بھی ہمشکل موجود ہے، میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ کوئی بھی ان میں فرق واضح نہیں کرسکتا۔