اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا پازیٹو کیسز اور اموات میں کمی ہوئی ہے لیکن عوام کو احتیاط نہیں چھوڑنی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیر صدارت سندھ میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بطور میزبان شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر صحت سندھ، وزیر تعلیم اور انتظامیہ کے دیگر لوگ بھی شریک ہوئے جب کہ وزیر داخلہ، نیشنل کوآرڈی نیٹر حمودالزمان خان، این سی او سی ڈاکٹر فیصل سلطان، مِس تانیہ ایدرس، میجر جنرل آصف گورایا، ڈی جی آپریشنل اینڈ پلان سمیت تمام صوبوں، آزادجموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
این سی اوسی کاخصوصی اجلاس وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس میں ہوا جس میں ان میں کچھ وزراء اور نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں ایس او پیر پر عمل درآمد اور مانیٹرنگ کا نظام بھی ضروری ہے، فیس ماسک اور احتیاطی تدابیرکو ہر صورت یقینی بنانا ہو گا۔
اسد عمر نے کہا کہ کورونا پازیٹوکیسز اور اموات میں کمی ہوئی ہے لیکن احتیاط نہیں چھوڑنا کیونکہ اب پہلے سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے تاکہ کورونا کیس دوبارہ نہ بڑھیں۔
تمام صوبوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈکس انتظامیہ او ر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زبردست کام کیا ہے، یہ سب شاباش کے مستحق ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بتایا کہ مویشی منڈیوں میں احتیاطی تدابیر اور وباکا پھیلاؤ روکنے کے لیے کنٹرول کا نظام ہر صورت یقینی بنایا جائےگا۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ مویشی منڈیوں اور عیدالاضحیٰ کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور صوبوں کے ساتھ مل کر ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنا رہےہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس کے علاوہ محرم سے متعلق بھی پلان تیار کر رہے ہیں اور حفاظتی تدابیر پر مشاورت جاری ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے این سی اوسی کی مرکزی ٹیم کو سندھ میں خوش آمدید کہا اور این سی اوسی کے صوبائی دارالحکومتوں میں اجلاس کے مقاصد اہم ایشوز پر مشاورت اور صوبوں کی کارکردگی کو خواب سراہا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومتوں میں اجلاس کا انعقاد این سی اوسی کا بہت زبردست فیصلہ ہے اور وبا کو کنڑول کرنے میں این سی اوسی نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ این سی اوسی کے ایسے اجلاس وباکا پھیلا روکنے میں صوبوں کے لیے انتہائی مدد گار ہوں گے۔
وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ شروع میں کچھ مشکلات درپیش تھیں لیکن وفاق اور صوبوں نے مِل کر عوام کی صحت کے لیے بھرپور کام کیا اور اس وقت اسپتالوں میں اور دیگر انتظامات بہتر ہیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم سب کو مل کر اب عیدالاضحیٰ، محرم، ربیع الاول سےمتعلق خصوصی تیاری کرنا ہو گی۔