اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے حصول انصاف کی لڑائی میں ساتھ ہے۔ آج کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں، آج کے دن کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی، میں آج کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ساتھ دینے کاعزم دہراتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کا حق خودارادیت اقوام متحدہ اور عالمی قوانین سے تسلیم شدہ ہے، کشمیری ہندوتوا نظریہ والی بھارتی حکومت کے غیرقانونی اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حصول انصاف کی لڑائی میں ان کے ساتھ ہے، کشمیریوں کو ایک دن ضرور انصاف ملے گا۔