اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم غیرملکی شہریت رکھنے والے مشیروں اور وزیروں سے استعفیٰ لیں۔
وزیراعظم کے 5 معاونین خصوصی کی دُہری شہریت پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب آپ نے کہاتھا کہ ”آپ کی دُہری شہریت ہو اور آپ یہاں وزیر بھی ہوں ، یہ نہیں ہوسکتا، یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ کی دُہری شہریت بھی ہو اور آپ ملک کے مستقبل کے فیصلے بھی کریں ، اگر آپ کے پاس دوسری ملک کا پاسپورٹ ہو تو اسے پارلیمان میں نہیں بیٹھنا چاہیے“
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اب دہری شہریت رکھنے والوں کو 22 کروڑ عوام کی قسمت کے فیصلے کیوں کرنے دے رہے ہیں ؟، انہوں نے آج غیرملکی پاسپورٹ والوں کو کابینہ میں کیوں بٹھا رکھا ہے؟، جن کا پاکستان میں کچھ نہیں، انہیں آج عمران خان اپنی کابینہ میں بٹھا کر کیوں فیصلے کرا رہے ہیں ؟ ، عمران خان کو 23 سب فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کی پیداوار مشیروں اور وزیروں کا ٹولہ تحفے میں ملا ہے، عمران خان غیرملکی شہریت رکھنے والے اپنے مشیروں اور وزیروں سے استعفی لیں۔