اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں پولیو مہم آج سے دوبارہ شروع ہو گی، مخصوص اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر کے آٹھ لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، کورونا کے باعث چار ماہ سے یہ مہم معطل تھی۔
چار ماہ سے معطل پولیو مہم کا آج سے ملک کے مخصوص اضلاع میں آغاز، پہلے مرحلے میں فیصل آباد، اٹک، جنوبی وزیرستان، کراچی اور کوئٹہ کے کچھ علاقوں میں پانچ سال سے کم عمر آٹھ لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم ایسے علاقوں میں چلائی جائے گی جہاں وائرس کی موجودگی زیادہ ہے۔
ترجمان انسداد پولیو کے مطابق کورونا وبا کے پیش نظر پولیو مہم بُری طرح متاثر ہوئی تاہم اب خصوصی اقدامات اور ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے دوبارہ سے مہم کو چلایا جا رہا ہے، صوبوں کے ساتھ باہمی مشاورت سے حکمت عملی ترتیب دی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جون میں ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ سے باقاعدہ منظوری لی گئی، اس سال اب تک پولیو کے 58 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 21 خیبر پختونخوا، 20 سندھ، 14 بلوچستان اور 3 پنجاب سے سامنے آئے۔