قاہرہ (اصل میڈیا ڈیسک) مصر اور امریکا نے ایک بار پھر لیبیا میں جاری لڑائی بند کرنے اور بات چیت کے ذریعے تمام تنازعات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان ٹیلیفون پر لیبیا کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ اس موقعے پر دونوں رہ نمائوں نے لیبیا میں بیرون ملک سے جنگجوئوں اور اسلحہ کی فراہمی بند کرنے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ امریکا اور مصر کی طرف سے لیبیا میں جنگ بندی کی فوری ضرورت کا مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف ترکی لیبیا کی قومی وفاق حکومت کو تربیت یافتہ جنگجو اور اسلحہ کی فراہمی جاری رکھے ہوئےہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وائٹ ہائوس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ اور السیسی کے درمیان ہونے والی بات چیت میں لیبیا کے بحران، النہضہ ڈیم اور دونوں ملکوں کےدرمیان اقتصادی اور سیاسی مذاکرات میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
درایں اثنا مصری ایوان صدر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ملکوں کے صدور نے لیبیا کےتنازع پر بات چیت کی۔ صدر ٹرمپ سے بات کرتے ہوئے مصری صدر السیسی نے لیبیا میں جاری لڑائی کے حوالے سے مصر کے تزویراتی موقف سے آگاہ کیا۔ صدر السیسی کاکہنا تھا کہ وہ لیبیا کو توڑنے کے بجائے تمام اداروں کو دوبارہ بحال کرنا اور لیبیا میں استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔