سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 2201 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے اور اب مملکت میں کل کیسوں کی تعداد 264973 ہو گئی ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ہفتے کے روز کووِڈ-19 کےمزید 31 مریض چل بسے ہیں۔اب تک سعودی عرب میں اس مہلک مرض کا شکار 2703 افراد وفات پاچکے ہیں۔
وزارتِ صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ آج سب سے زیادہ کیس سعودی دارالحکومت الریاض میں ریکارڈ کیے گئے ہیں،ان کی تعداد 118 ہے۔اس کے بعد الہفوف میں 115 اور المبرز میں 107 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
وزارتِ صحت نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ کرونا وائرس کا شکار مزید 2051 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔ 25 جولائی تک سعودی عرب میں اس مہلک وائرس کا شکار 217782 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔اس طرح مملکت میں کووِڈ-19 کے تن درست ہونے والے مریضوں کی شرح 82 فی صد ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے جمعرات کو بتایاتھا کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے تیس لاکھ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ انھوں نے شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر اس مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے اجتماعات سے گریز کریں۔
انھوں نے کہا کہ ’’آنے دنوں میں ملاقاتوں اور اجتماعات کے متعدد مواقع آئیں گے لیکن ہم انھیں کسی مشکل یا مصیبت کا سبب بنتے نہیں دیکھنا چاہتے۔‘‘
حکومت نے کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کو 9 اور10 ذی الحجہ کو حج کے رکن اعظم یومِ عرفہ اور عید الاضحیٰ کے دن عام عبادت گزاروں کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی حکومت نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بہت سی پابندیاں ختم کردی ہیں یا ان میں نرمی کردی ہے لیکن اس نے ہنوز ملک میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔