برلن میں گاڑی ہجوم پر چڑھا دی گئی: سات افراد زخمی، ڈرائیور گرفتار

Berlin Police

Berlin Police

برلن (اصل میڈیا ڈیسک) جرمن دارالحکومت برلن میں اتوار کی صبح ایک شخص نے اپنی گاڑی نامعلوم وجوہات کی بنا پر عام لوگوں کے ایک ہجوم پر چڑھا دی۔ اس واقعے میں سات افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔

یہ واقعہ برلن شہر کے علاقے شارلوٹن بُرگ میں ہارڈن برگ پلاٹس نامی اسکوائر میں اتوار چھبیس جولائی کی صبح سات بج کر بیس منٹ پر پیش آیا۔ پولیس فوری طور پر اس واقعے کو کوئی ‘باقاعدہ حملہ‘ قرار نہیں دینا چاہتی۔ برلن پولیس کی ایک ترجمان نے بتایا، ”ہمیں اب تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ یہ واقعہ کوئی باقاعدہ حملہ تھا۔‘‘

ساتھ ہی پولیس نے یہ تصدیق بھی کر دی کہ گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جرمن روزنامہ ‘بِلڈ‘ کے مطابق اس واقعے کے بعد پولیس کے دھماکا خیز مواد کا پتا چلانے والے جاسوس کتے بھی موقع پر موجود تھے۔ پولیس ترجمان نے تاہم اس بات کی تصدیق نہیں کی۔ ڈرائیور کا نام، عمر یا قومیت بھی نہیں بتائی گئی۔

ملکی دارالحکومت میں فائر بریگیڈ کے ایک ترجمان کے مطابق یہ گاڑی صبح سوا سات بجے کے قریب اب تک نامعلوم وجوہات کی بنا پر سڑک سے ہٹ کر عام لوگوں کے ایک ہجوم پر چڑھ گئی تھی یا شاید چڑھا دی گئی تھی۔ اس واقعے میں سات افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے تین شدید زخمی ہیں۔

یہ واقعہ برلن کے جس علاقے میں پیش آیا، وہ شہر کے Berlin Zoo کہلانے والے ایک بہت اہم ریلوے اسٹیشن کے بالکل قریب ہے اور وہاں عام طور پر صبح کے وقت بھی بہت رش ہوتا ہے۔ اس واقعے کے فوری بعد زخمیوں میں سے چند کو ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر کی مدد سے ہسپتال پہنچایا گیا۔