لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 5 اگست تک کے لیے نافذ کیا گیا لاک ڈاؤں دو روز قبل ہی بدھ کی رات 12 بجے سے ختم کر دیا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے عیدالاضحٰی پر نافذ کیا گیا لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اس حکم نامے کا اطلاق فی الفور ہو گا اور یہ 17 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کیپٹن (ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ عید پر مارکیٹوں کی بندش سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے امکانات کم ہونے اور مویشی منڈیوں سے لیے گئے منڈیوں میں ہجوم کے باوجود اسمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزاء رہے ان پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے عید پر نافذ کیا گیا لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے اجتماع کی اجازت ہو گی اور متعلقہ ادارے کشمیر ریلی کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور دیگر تمام ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔
سیکریٹری پرائمری ہیلتھ کے مطابق عید پر نافذ ہونے والا لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بھی تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریستوراں، پارک اور سنیما ہال بدستور بند رہیں گے۔ سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اجتماع کی اجازت نہیں ہو گی۔
حکم نامے کے مطابق تمام کاروباری مقامات سوموار تا جمعہ صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے تاہم میڈیکل اسٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔اس کے علاوہ گروسری اور کریانہ اسٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔
کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہو گی۔ کال سنٹرز کو 50 فی صد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ جب کہ چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیےکھلے رہیں گے۔