سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کے روز بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے کے بعد لبنان کے لیے ہنگامی طور پر انسانی امداد بھیجنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ امداد شاہ سلمان امدادی مرکز کے ذریعے بھیجی جائے گی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق خادم حرمین شریفین اس مشکل گھڑی میں برادر لبنانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کے شدید خواہاں ہیں۔ وہ بیروت کی بندرگاہ کے دھماکے کے بعد لبنانی عوام کے لیے معاونت اور امداد پیش کرنا چاہتے ہیں۔
اسی سلسلے میں سعودی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت کی حکومت ہنگامی بنیادوں پر شاہ سلمان امدادی مرکز کے ذریعے انسانی امداد پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ اقدام اس الم ناک آفت کے اثرات کا مقابلہ کرنے میں بردار لبنانی عوام کے ساتھ یک جہتی کے واسطے کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل سعودی حکومت نے بیروت دھماکوں میں مرنے والوں کے حوالے سے تعزیت اور زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کا اظہار کیا تھا۔
سعودی وزارت خارجہ نے باور کرایا کہ اس مشکل گھڑی میں مملکت پوری طرح برادر لبنانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
منگل کی سہ پہر بیروت کی بندرگاہ پر دھماکوں کے فوری بعد شاہ سلمان امدادی مرکز نے حرکت میں آ کر طبی انجمنوں کے ذریعے بیروت میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی تھیں۔ انہوں نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا اور لاشوں کو جائے حادثہ سے منتقل کیا۔ مذکورہ طبی انجمنوں کو شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے معالی معاونت پیش کی جاتی ہے۔ ان انجمنوں اور تنظیموں میں “جمعية سبل السلام” اور “مركز الأمل الطبي” اہم ترین ہیں۔