لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے دھرنے نہیں دیئے یا ٹانگیں نہیں کھینچیں، بتائیں پی ٹی آئی کو کس نے کام کرنے سے روکا ہے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے پی ٹی آئی کی اتنی کردار کشی یا احتساب نہیں کیا جتنی ( ن ) لیگ کی گئی، ہم نے دھرنے نہیں دیئے یا ٹانگیں نہیں کھینچیں ، بتائیں پی ٹی آئی کو کس نے کام کرنے سے روکا ، عمران خان نے قومی معیشت کو سات فیصد گرایا اس کا حساب کون دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا لیکن ایک منصوبہ نہیں لگایا، اب ہمارے پانچ ہزار ارب کے راوی لاہور پراجیکٹ کا افتتاح کیا گیا، بتائیں اتنے پیسے کہاں سے آئیں گے ؟، ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلیے 10ارب روپے نہیں ہیں، سی پیک کیلیے چھ ارب روپے بجٹ میں رکھے گئے ہیں جو اس لحاظ سے دو سو سال میں مکمل ہوگا ، دیامیر بھاشا ڈیم کیلیے 28 ارب روپے کے بجائے 16ارب روپے رکھے گئے ہیں، بجلی گیس مہنگی اورتنخواہیں کم کرکے گڈ بیٹر نہیں کیا جا سکتا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملکی تاریخ کاسب سے بڑا شٹ ڈاؤن ہوا ہے، ہم نے سٹارٹ اپ کیا آج آپ جھوٹی تختیاں لگاکر عوام کو لولی پاپ دے رہے ہیں ، گندم اور آٹے کا بحران کس کی نالائقی اور کس کی کرپشن ہے ، چینی کی قیمت سو روپے کس کی ملی بھگت سے ہو رہی ہے ، مہنگی چینی کا ذمہ دار کون ہے ،حکومت آپ کی اور ادارے آپ کے ہیں، آپ کو حکومت نہیں چلانی آتی۔
انہوں نے کہا کہ صرف دھاندلی سازش سے وزیر اعظم بننے کا شوق تھا، عمران خان کا وزیر اعظم بننے کا شوق عوام کو مہنگا پڑا ہے ، نوجوانوں سے مستقبل کی امید چھین لی گئی ہے کیونکہ معیشت کا پہیہ بند ہو گیاہے ، سرمایہ کار حکومت کی پالیسی پر اعتماد نہیں کر رہے ، یہ کہنا کہ اپوزیشن نے فیٹف پر این آر او مانگا تھا یہ کہتے ہوئے آپ کو اس پر شرم آنی چاہیے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ فیٹف پر حکومت کی چوری پکڑی ہے ، فیٹف پر ملک میں ڈکٹیٹر کا قانون لانا چاہتے تھے ، کسی کاروبار ، بنکر کسی سول سوسائٹی کے لوگوں کو کاغذ کی پرچی پر جھوٹی رسید پر مسنگ پرسن کرسکتے تھے اس لیے آپ نے کالے قانون کو واپس کیا، فیٹف کے لبادے میں گھناؤنی سازش کو بے نقاب کیا، کالے قانون پر حکومت کی چوری پکڑی جس پر ان کی چیخیں نکلی ہوئی ہیں ، سازش ناکام ہو گئی وگرنہ فیٹف کے لفافے پر اپناکام کر لیتے، ن لیگ قوم کے بنیادی حقوق کا مقدمہ لڑے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ اگر عمران خان نے اپنا فاشزم نافذ کیا تو گلگت سے کراچی تک سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے ، ہم عمران خان کی ڈکٹیٹر شپ قائم نہیں کرنے دینگے ایک ایک پائی کے نقصان کا حساب لیں گے، عمران خان سے حکومت نہیں چلتی تو خدارا حکومت چھوڑو ، کتنی دیر کرپشن کا رونا روئیں گے ،کرپشن کے کے ٹو آپ کی حکومت میں کھڑے کئے گئے ہیں، نیب پر کسی کا اعتماد نہیں رہا ۔