پیرس (اصل میڈیا ڈیسک) بڑی عالمی طاقتوں نے لبنان کو دارالحکومت بیروت میں گذشتہ منگل کو تباہ کن دھماکے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے فراخدلانہ امداد دینے کے وعدے کیے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وہ لبنانی عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔
فرانس کے زیراہتمام اتوار کو اس ٹیلی امدادی کانفرنس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’ امداد بروقت ، مناسب اور لبنانی عوام کی ضروریات کے عین مطابق ہونی چاہیے۔یہ مکمل شفافیت کے ساتھ لبنانی عوام کو براہِ راست مہیا کی جانی چاہیے۔‘‘
تاہم اعلامیے میں مختلف ممالک کی جانب سے لبنان کے لیے اعلان کردہ امداد کے اعداد وشمار جاری نہیں کیے گئے ہیں اور نہ بتایا گیا ہے کہ یہ کس نوعیت کی ہوگی۔
البتہ اس میں کہا گیا ہے کہ لبنان کے شراکت دار اس کی طویل المیعاد اقتصادی بحالی کے لیے مدد دینے کو تیار ہیں لیکن اس کی غرض سے لبنان کے لیڈروں کو اپنے عوام کی اُمنگوں کے مطابق اصلاحات کرنی چاہییں۔