عرب امارات (اصل میڈیا ڈیسک) افریقی عرب ملکوں ایتھوپیا اور موریتانیہ نے خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن سجھوتے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایتھوپیا کے وزیراعظم آبی احمد نے امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے اعلان پر دونوں ملکوں کی قیادت اور عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں ‘آبی احمد’ نے کہا کہ امارات اور اسرائیل میں معاہدہ تاریخی پیش رفت ہے جس کے نتیجے میں عالمی اور علاقائی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ مشرق وسطیٰ میں دائمی اور دیر پا امن کے فروغ پر یقین رکھتا ہوں۔
درایں اثنا افریقی ملک موریتانیہ نے بھی متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امریکا کی ثالثی سے امن معاہدے کی حمایت کی ہے۔
موریتانوی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک وقوم ، عرب اور مسلم اقوام کے مفاد میں فیصلہ سازی کے حوالے سے متحدہ عرب امارات ایک مکمل آزاد اور خود مختار ملک ہے۔ اسے یہ حق ہے کہ وہ اپنے وسیع تر ملکی مفاد میں کسی بھی ملک سے تعلقات استوار کر سکتا ہے۔ امارات کا اسرائیل کے ساتھ معاہدہ خوش آئند ہے جس کے نتیجے میں خطے میں ترقی، امن اور خوشحالی کے نئے راستے کھلیں گے۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز امریکا ، امارات اور اسرائیل کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو ، اور ابو ظبی کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے پر اتفاق کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے ایک تاریخ ساز معاہدہ قرار دیا ہے۔