کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) انسداد پولیو کی خصوصی مہم کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب بنا کر صوبے کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی والدین اور سول سوسائٹی کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، گزشتہ چند ماہ کے دوران پولیو کیسز میں اضافہ باعث تشویش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ اداروں کو اپنی خامیوں اور کمزوریوں کا جائزہ لے کر انہیں دور کرنا ہوگا۔ پولیو مہم کے دوران علمائے کرام معاشرے کے بااثر حلقوں سیاسی وقبائلی عمائدین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی تمام علاقوں اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے۔ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لئے پختہ قومی عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ پولیو کو شکست دے کر ہی ہم اپنے بچوں کو ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل دے سکتے ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ والدین اس بات کو سمجھیں کہ پولیو کے دو قطرے ان کے بچوں کے لیے کتنے اہم ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پولیو ٹیموں کو ہر ممکن سہولیات اور تحفظ فراہم کرے۔ ڈپٹی کمشنرز پولیو مہم کی نگرانی کریں جبکہ پولیو مہم کے مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔