کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان حکومت نے حیات بلوچ کے کیس میں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ حیات بلوچ کی شہادت کا واقعہ انتہائی درد ناک اور افسوس ناک ہے، تربت میں معصوم نوجوان کے ساتھ ظلم ہوا، حکومت اور وزیراعلیٰ بھی اسی کرب سے گزر رہے ہیں جس کرب سے شہید کا خاندان اور صوبے کے عوام گزر رہے ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اس واقعے کا فوری نوٹس لیا ہے، اس واقعہ کا ملزم گرفتار ہے انشا اللہ انصاف کا بول بالا ہوگا۔
دوسری جانب ایک بیان میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا ضروری نہیں کہ کسی ادارے میں کوئی اہلکار جرم کرے تو اس کا ذمہ دار حکومت یا ریاستی ادارے ہوں، حکومت کا کام ہے عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانا اور مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانا،جس پر حکومت عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے اور اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ مجرم کو موقع پر گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا، آئی جی ایف سی ساؤتھ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے انصاف کو یقینی بنایا جس پر وہ داد کے مستحق ہیں۔