کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) بارش کے بعد ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کی شہر قائد میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ سول انتظامیہ کیساتھ مختلف مقامات پر 32 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سرجانی ٹاؤن، قیوم آباد اور سعدی ٹاؤن میں آرمی کے 3 موبائل ہسپتال بھی قائم ہیں، اس کے علاوہ متاثرہ افراد کے لیے 56 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
کراچی کے 9 مختلف مقامات پر نکاسی آب کے لیے کام کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے جوان متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ بارش سے متاثرہ افراد کو طبی امداد دینے کیلئے سرجانی ٹاؤن میں 50 بیڈز کا ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حیدر آباد، بدین اور دادو میں بھی پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ادھر قدرتی آفات سے نمٹنے کا قومی ادارہ کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پاک فوج، سول انتظامیہ کے تعاون سے بارش سے متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب اور بحالی کے آپریشن کا کام سرانجام دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارش سے متاثرہ افراد کو خوراک، پینے کا پانی اور دیگر اشیائے ضررویہ کی فراہمی جاری ہے جبکہ اس سلسلےمیں چھپن فلاحی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے بارش سے متاثرہ افراد کی بحالی کےلئے تین ہزار خیمے سندھ گورنمنٹ کے حوالے کئے ہیں۔