اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ شہادت امام حسینؓ ظالم و جابر کے سامنے ڈٹ جانے اور ایثار و قربانی کا استعارہ ہے۔
یوم عاشورہ کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کو اپنے پیغام میں کہا کہ محرم وہ جذبہ عطا کرتا ہے جس کی بدولت ہم بڑی سے بڑی آزمائش کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ باہمی نفاق اور فرقہ واریت کو بالائے طاق رکھ کر ملکی ترقی کے لیے کام کریں۔
اپنے پیغام میں صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ قوم نے مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا جیسی عالمی وبا پر قابو پایا، کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے، امید ہے پوری قوم یومِ عاشور پر حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا دعا گو ہوں کہ یہ اسلامی سال ہمارے ملک کی ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو۔