اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان نے سوئیڈن اور ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسلامو فوبیا کے بڑھتے واقعات کسی بھی مذہب کی روح کے خلاف ہیں، آزادی اظہار رائے مذہبی منافرت کا جواز نہیں دیتی، دوسروں کے مذہبی عقائد کا احترام یقینی بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ مذہبی عقائد کا احترام عالمی امن اور خوشحالی کےلیے اہم ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سوئیڈن میں دائیں بازو کے اسلام مخالف انتہا پسندوں کی جانب سے قرآن پاک جلانے کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔
دائیں بازو کے انتہا پسند ڈچ سیاستدان ریسمس پلودن نے بھی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کی تقریب میں شرکت کی کوشش کی تھی۔
سوئیڈن کی پولیس نے ڈچ سیاستدان پلودن کو قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے اور اسے نذر آتش کرنے کی تقریب سے روکتے ہوئے واپس سرحد پار بھیج دیا تھا۔