ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی

Coronavirus - Pakistan

Coronavirus – Pakistan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا کے 300 نئے کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں۔ این سی اوسی کے مطابق ملک بھرمیں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا کے 300 نئے کیسز اور 4 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد کورونا وائرس کے مجموعی مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 149 اور مجموعی اموات کی تعداد 6298 ہو گئی۔

ملک بھر میں کورونا وبا کے فعال کیسزکی تعداد صرف 8881 ہے، صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد دولاکھ 80 ہزار970 ہو گئی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 469، دوسرے نمبر پر پنجاب میں مریضوں کی تعداد 96 ہزار 832، کے پی میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 36118، بلوچستان میں تعداد 12879، اسلام آباد میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 15649، آزاد جموں و کشمیر 2299 اور گلگت میں 2903 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 ہزار 882 ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں اب تک 26 لاکھ 42 ہزار 028 ٹیسٹ ہو چکے، ‏ملک بھر کے اسپتالوں میں 92 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں، اسپتالوں میں کوروناوینٹی لیٹرزکی تعداد 1920 ہے، ملک بھر میں 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلیے سہولیات ہیں اوراس وقت 1 ہزار 044 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اورہرایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہو جاتا ہے۔