جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے۔ زولنگن شہر کی ایک رہائشی عمارت کے ایک فلیٹ میں پولیس نے پانچ مردہ بچوں کو پایا۔ قتل کا شبہ ان بچوں کی والدہ پر ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے ذرائع کی اطلاعات کے مطابق ایک والدہ نے مبینہ طور پر اپنے پانچ بچوں کو قتل کردیا۔ پولیس کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
آج صبح ہی پولیس نے بتایا تھا کہ زولنگن کے رہائشی علاقے میں واقع فلیٹ میں پانچ بچے مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔
زولنگن کے سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا ہے کہ یہ مشتبہ خاتون کارروائی کے بعد قریبی شہر ڈزلڈورف کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کی پٹریوں پر چڑنے کی کوشش کر رہی تھی۔ اس دوران یہ ستائیس سالہ خاتون زخمی بھی ہوگئی۔ واضح رہے پولیس نے اس بارے میں ابھی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
مقامی میڈیا میں ہلاک ہونے والے بچوں کی عمر دو سے آٹھ سال تک بتائی جا رہی ہے۔
اس علاقے میں دوپہر کے دوران ہنگامی امداد کی متعدد گاڑیاں بھی دیکھی گئی تھیں۔ جائے وقوعہ کو پولیس نے مکمل طور پر بند کردیا ہے اور اس جرم کی تفتیش کی جارہی ہے۔