بارسلونا (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر و ارجنٹائن کی قومی ٹیم کے کپتان لیونل میسی نے بارسلونا کلب نہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
لیونل میسی 20 سال سے بارسلونا کی نمائندگی کررہے ہیں اور گزشتہ دنوں میسی نے بارسلونا کلب چھوڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب انہوں نے ارادہ ترک کردیا ہے۔
میسی نے اب معاہدے کی بھاری بھرکم شرائط کے بعد بارسلونا کلب نہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے اور وہ اگلے سیزن میں بھی بارسلونا کی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔
لیونل میسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ میں کلب کے ساتھ ہی رہوں گا کیونکہ کلب صدر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ میں 700 ملین یورو کی ادائیگی کی صورت میں ہی میں کلب چھوڑ سکتا ہوں جو کہ ناممکن ہے۔
میسی نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز 2005 میں اسی کلب سے کیا تھا۔
میسی نے بارسلونا کو لالیگا لیگ میں 10 مرتبہ چیمپئن بنوایا، بارسلونا نے 4 مرتبہ یوئیفا چیمپئن شپ جیتی اور 6 مرتبہ کوپا ڈیل رے میں فتح مقدر بنی۔