بھارت میں کورونا کیسز کا نیا ریکارڈ، جرمنی کی بڑی امداد

India Corona Cases

India Corona Cases

بھارت (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت میں کووڈ انیس کے کیسز میں مسلسل اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 90,632 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

یہ اعدادوشمار دنیا کے کسی بھی ملک میں ایک دن میں ریکارڈ کیے جانے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ بھارت میں کیسز اگر اسی رفتار سے بڑھے تو امکان ہے کہ پیر تک بھارت دنیا میں امریکا کے بعد کورونا سے متاثرہ دوسرا بڑا ملک بن جائے۔ ابھی تک امریکا کے بعد برازیل کووڈ انیس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔

بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد چار اعشاریہ ایک ملین سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ساڑھے ستر ہزار سے زیادہ افراد اس مہلک مرض کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اس صورتحال کے پیش نظر جرمنی نے بھارت کے لیے ایک بڑے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت جرمنی بھارت کو330000 ٹیسٹنگ کٹس اور 460 ملین یورو کے قرضے دے رہا ہے۔

جرمنی کے وزیر ترقیات گیرڈ میولر نے کہا کہ جرمنی بھارت کو جو طبی سامان دے گا اس میں تین لاکھ تیس ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور چھ لاکھ حفاظتی لباس یا ‘پرسنل پروٹیکٹیو ایکوپمنٹ شامل ہیں۔ اس سامان کی لاگت 15 ملین یورو ہے۔

اس کے علاوہ بھارت کو 460 ملین یورو کے قلیل مدتی قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔ جرمن وزیر کے مطابق اس امداد کا مقصد کورونا کے معاشی نقصانات کے غریب لوگوں پر اثرات کم کرنا ہے۔ جرمن حکام کے مطابق یہ امداد غریب لوگوں میں خوراک کی تقسیم اور اور بے روزگار ہوجانے والیکی مدد کے لیے ہوگی۔

برلن حکومت کے مطابق یہ امداد دنیا میں کورونا سے نمٹنے کی کوششوں میں ایک بڑا اقدام ہے۔