کویت (اصل میڈیا ڈیسک) کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح کا علاج جاری ہے اور ان کی طبیعت مستحکم ہے۔ اس بات کا اعلان امیر کویت کے دفتر کی جانب سے کیا گیا ہے۔
دفتر نے تمام لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ امیرِ کویت کی صحت کے حوالے سے معلومات اور خبروں کی سرکاری ذرائع سے تصدیق کر لیا کریں۔
کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی KUNA کے مطابق امیر کویت کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ “بعض ذرائع ابلاغ کی جانب سے گردش میں آنے والی بے بنیاد خبروں کے جواب میں امیرِ کویت کے دفتر کے امور کے وزیر شیخ علی جراح الصباح نے واضح کیا ہے کہ وہ نیشنل گارڈز کے نائب سربراہ شیخ مشعل الاحمد الجابر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
شیخ مشعل نے تمام لوگوں کو ملک کے امیر صباح الاحمد الصباح کی صحت کے حوالے سے اطمینان دلایا ہے اور بتایا ہے کہ امیر کا علاج جاری ہے اور ان کی صحت بہت بہتر ہے”۔
امیر کویت کے دفتر نے زور دیا ہے کہ اس حوالے سے غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر کان نہ دھرے جائیں۔ بیان کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ رب العزت جناب امیر کویت کو جلد از جلد مکمل صحت اور عافیت سے نوازے۔