یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن کی سرکاری فوج نے کل ہفتے کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مشرقی صنعا میں نھم ڈاریکٹوریٹ اور اس کے اطراف میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف جاری آپریشن میں دسیوں جنگجو ہلاک اور زخمی کر دیے گئے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ہفتے کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نھم ڈاریکٹوریٹ میں حوثیوں کے مراکز پر بمباری کے دوران ان کی کئی فوجی گاڑیاں، اسلحہ اور گولہ بارود تباہ کیا گیا ہے۔
فوج کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نھم کے محاذ پر الجفرہ اور پہاڑی علاقوں میں حوثی شیعہ ملیشیا کے 4 سینیر کمانڈر اور 35 دیگر جنگجو ہلاک ہو گئے۔
فوج نے bmb طرز کی ایک فوجی گاڑی قبضے میں لینے کے ساتھ نجد العتق میں تین حوثی جنگجو قتل کر دیے۔
نھم کے محاذ پر حوثیوں کے خلاف آپریشن میں مقامی قبائل مزاحمت کاروں اور عرب اتحادی فوج کی طرف سے فضائی مدد فراہم کی گئی۔
قبل ازیں عینی شاہدین نے العربیہ کے نامہ نگار کو بتایا تھا کہ عرب اتحادی فوج نے صنعا کے قریب حوثیوں کے بیلسٹک میزائل کارخانے اور ڈرون طیارے تیار کرنے والی فیکٹریوں پر بمباری کر کے انہیں تباہ کیا ہے۔