کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) نامور خطیب علامہ ضمیر اختر نقوی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
قریبی رفقا کا بتانا ہے کہ علامہ ضمیر اختر نقوی کو رات گئے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ضمیر نقوی کی میت انچولی امام بارگاہ منتقل کی جائے گی۔
علامہ ضمیر اختر نقوی بھارتی شہر لکھنو میں پیدا ہوئے، وہ ایک خطیب ہونے کے ساتھ ساتھ شاعر بھی تھے۔
ضمیر اختر نقوی نے شاعری، مرثیہ نگاری سمیت درجنوں کتابیں لکھیں، انہوں نے شہزاد قاسم ابن حسن پر دو جلدوں پر مشتمل سوانح تحریر کی۔ علامہ ضمیر اختر نقوی کی تصنیف معراج خطابت 5 جلدوں پر مشتمل ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے علامہ ضمیر اختر نقوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔