ملتان (اصل میڈیا ڈیسک) ملتان کے دو مختلف علاقوں سے پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس پر محکمہ صحت نے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچانے کیلئے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
ملتان کے علاقے سورج میانی اور علی ٹاون کے سیوریج واٹر میں دوبارہ پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے جس کی وجہ سے محکمہ صحت کے حکام نے پانچ سال سے کم عمر 9 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے 2 ہزار ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو آئندہ پانچ روز تک گھر گھر جا کر کورونا کی ایس او پیز کو مدنظر رکھ کر بچوں کو پولیو سے بچاو کے حفاظتی قطرے پلائیں گی۔
محکمہ صحت نے حفاظتی قطروں کی افادیت بارے آگاہی دینے کیلئے مساجد سے بھی اعلانات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس پر شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کو کامیاب کرنے کیلئے انکاری والدین بھی محکمہ صحت کی ٹیموں کا بھرپور ساتھ دیں۔
گزشتہ پولیو مہم کے دوران بھی تین ہزار سے زائد بچے قطروں سے محروم رہے ہیں جس کی وجہ سے محکمہ صحت نے انکاری والدین کیخلاف مقدمات بھی درج کرائے ہیں۔