ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کی فارنزک رپورٹ میں ان کے جسم میں کسی قسم کا زہر نہیں پایا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (اے آئی آئی ایم ایس) کے 5 ممبران پر مشتمل پینل کوپر اسپتال کی طرف سے جاری کی جانے والے پوسٹ مارٹم رپورٹ کی جانچ بھی کر رہے ہیں۔
ایمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اس معاملے کی تفتیش آئین کی دفعہ 306 کے تحت کرے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گاکہ پوسٹ مارٹم کے لیے جس مردہ خانے میں لاش رکھی گئی وہاں روشنی کم تھی۔
دوسری جانب نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے اداکارہ دپیکا پڈوکون، سارہ علی خان اور شردھا کپور کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا جس میں ابھی تک تینوں اداکارہ کا منشیات فروشوں کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں پایا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تینوں اداکاراؤں نے دوران تفتیش منشیات کے استعمال سے انکار کیا تھا جب کہ این سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران کوئی ٹھوس ثبوت ملنے پر تینوں اداکاراؤں کو دوبارہ بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔
این سی بی کے مطابق دوران تفتیش جب اداکارہ دپیکا پڈوکون سے ان کی مینیجر کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں سیگریٹ کے حوالے سے بات کر رہی تھی اور انہوں نے منشیات کے استعمال سے انکار کیا تھا۔
سشانت سنگھ کی خودکشی کیس کا پس منظر خیال رہے کہ رواں سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
بعد ازاں سشانت گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔
سشانت کے گھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے سشانت سے پیسے کیلئے تعلقات قائم کیے، اسے نشے کا عادی بنایا ، اپنے فائدے کیلئے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کردیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دینے کا حکم دیاتھا۔
ریا چکرورتی سشانت کے والدین کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کرتی آئیں ہیں اور وہ خود وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے سشانت کی موت کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔