لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی المعروف لاثانی سرکار نے سلسلہ عالیہ نقشبندیہ کے عظیم روحانی پیشوا حضرت پیرسید ولی محمد شاہ المعروف حضور میاں صاحب چادر والی سرکار ؒ کے سالانہ عرس مبارک کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ خاتم النبیین حضور نبی کریم ؐ اور اصحابہ اکرام ؒ و اہلبیت ؓ سب کی عزت و تکریم ہم سب پر لازم ہے، ملک دشمن عناصر فرقہ واریت کو ہوادے رہے ہیں جن کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرنا ہو گا۔
امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان نے عظیم روحانی پیشوا حضرت پیر سید ولی محمد شاہ صاحب چادر والی سرکار ؒکی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ حضرت پیر سیدولی محمد شاہ چادر والی سرکارؒعشق رسول ؐ کے کمال درجے پر فائز ہوئے۔ آپؒ صبر و رضا، زہدو استغنا،جودو عطا،تقویٰ و پرہیزگاری،ریاضت ونفس کشی،دنیا سے بے رغبتی،ایثار و اخلاص،عجزوانکسارسمیت دیگر خصوصیات کی حامل عظیم روحانی شخصیت ہمارے صدیوں پر محیط عظیم روحانی ورثہ کی حقیقی امین ہیں۔تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ حضرت پیر سید ولی محمد شاہ چادر والی سرکار ؒ بچپن ہی سے مخلوق خدا سے بے حد محبت فرماتے، زمانہ طالب علمی میں آپؒ اپنی چیزیں اپنی جماعت کے غریب و مستحق بچوں میں تقسیم کر دیتے حتیٰ کہ اپنی روٹی بھی دوسروں کو کھلا دیتے اور کبھی کسی کی دلآزاری نا کرتے اساتذہ کا بے حد احترام کرتے اور ہر ایک سے محبت سے پیش آتے۔ نماز روزہ تب سے باقاعدگی سے ادا کرنا شروع کیا جب ابھی اس کے مکلف بھی نا ہوئے۔
پیر الطاف حسین نقشبندی کا کہنا تھاکہ مخلوق خدا سے آپ ؒکے تعلقات کی واحد اساس اللہ رب العزت کی رضا و خوشنودی تھی سینکڑوں افراد آپ ؒکے در دولت پر حاضر ہوتے اور آپؒ ہر ایک کو نقدی اور مٹھائی سے سرفراز کر کے واپس لوٹاتے، کسی کو بغیر کھانا کھلائے واپس نہ جانے دیتے تھے۔ سماج کے ٹھکرائے ہوئے اہل ثروت کی حقارت اور غربت و افلاس کا شکار اور خوداعتمادی کی دولت سے محروم افراد آپؒ کی مجلس میں آکر معتبر ہو جاتے۔ عرس مبارک کی تقریب سے پیر محمد راشد نقشبندی، پیر سید احمد ندیم شاہ، پیر سید عدنان اکرم، پیر حاجی افتخار نقشبندی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے پیر سید ولی محمد شاہ صاحب ؒ کی دینی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ جبکہ اختتام پرملک و ملت کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔