کرونا وائرس : پابندیوں میں نرمی کی صورت میں 2021ء تک قریباً 33 لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ

Coronavirus

Coronavirus

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا بھر کی حکومتوں نے اگر کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سماجی فاصلے اور اجتماعات پرعاید پابندیوں میں نرمی کی تو 2021ء تک 33 لاکھ افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔

واشنگٹن یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ برائے ہیلتھ میٹرکس اور ایولیوایشن نے اپنے تحیقی مطالعے کی بنیاد پر یہ پیشین گوئی کی ہے۔اس ادارے نے دنیا بھر کے ممالک کے سرکاری ڈیٹا کی بنیاد پر کووِڈ-19 سے آیندہ مہینوں میں ممکنہ ہلاکتوں کا تخمینہ ظاہر کیا ہے اور بعض دوسری پیشین گوئیاں کی ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ اگر دنیا کی 95 فی صد آبادی اسی ہفتے سے چہرے پر ماسک پہننا شروع کردے تو ہلاکتوں میں 18 لاکھ تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔

تاہم اگر موجودہ رجحانات اسی طرح جاری رہتے ہیں کہ بعض ممالک نے چہرے پر ماسک پہننے سمیت مختلف قدغنیں عاید کررکھی ہے جبکہ دسیوں ممالک نے ایسی پابندیاں عاید نہیں کی ہیں تو مزید 25 لاکھ تک ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔

محققین کا مزید کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا موت کا بہ انداز دیگر بھی سبب بن سکتی ہے اور ایسی اموات حکومتوں کے سرکاری اعداد وشمار میں شامل نہیں ہوں گی۔ان میں لوگوں کے اسپتالوں یا کلینکوں میں نہ جانے کی وجہ سے ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔

چین کے شہر ووہان میں گذشتہ سال دسمبر میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے دنیا بھر دس لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔واشنگٹن یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ کی تحقیقاتی ٹیم میں شامل ایک ماہر وبائی امراض کا کہنا ہے کہ اگر کووِڈ-19 کے انسداد کے لیے مختلف قدغنوں اور اقدامات کی پاسداری کی جاتی تو ہلاکتوں کی یہ تعداد کم ہو سکتی تھی۔