لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت لیگی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرانے والا بدر رشید گھر سے غائب ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کرانے والا شہری بدر رشید عرف ہیرا لاہور کے علاقے شاہدرہ میں رشید پارک کا رہائشی ہے۔
ایف آئی آر پر درج بدر رشید کا موبائل فون نمبر بند مل رہا تھا، جیونیوز کی ٹیم شہری بدر رشید کے گھر پہنچ گئی اور دروازے پر دستک دینے پر ایک خاتون باہر آئی جس نے بتایا کہ وہ بدر رشید کی بھابھی ہے۔
شہری بدر رشید کی بھابھی نے کیمرے کے سامنے بات کرنے سے انکار کر دیا اور خاتون نے بتایا کہ بدر رشید پیر سے گھر پر موجود نہیں ہے اور اس سے زیادہ کچھ نہیں بتا سکتی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم نوازشریف سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں درج کیا گیا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت رد عمل کا اظہار کیا جب کہ حکومت نے اس مقدمے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
مدعی بدر رشید خان ہیرا پاکستان تحریک انصاف یوتھ ونگ راوی ٹاؤن کا صدر ہے اور اس کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ساتھ ملاقاتوں کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب گورنر ہاؤس پنجاب نے (ن) لیگی قائدین کے خلاف مقدمے کے مدعی سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔