وزیراعظم نے اپنی تقریر میں تصدیق کی کہ نواز شریف سے استعفیٰ مانگا گیا، شاہد خاقان

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کنونشن سینٹر میں تقریر میں تصدیق کی کہ نوازشریف سے استعفیٰ مانگا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیراعظم اور لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ معیشت تباہ ہو چکی ہے اورعوام تکلیف میں ہیں، وزراء اپوزیشن کو دھمکیاں دے رہے ہیں تاہم وزیراعظم نے آج تک عوام کی پریشانی کی بات نہیں کی، وزیراعظم نے آج تک نہیں بتایا کہ چینی 110 اور آٹا 75 روپے کلو کیوں ہے اور بل دگنے کیوں ہوگئے۔

شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نظام مفلوج ہوچکا ہے اور اس لیے ہم باہر نکلے ہیں، کل ڈیموکریٹک موومنٹ کا پہلا جلسہ ہو رہا ہے، انتظامیہ نے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہوئی، نہ کنٹینر کام آئیں گے اور نہ رکاوٹیں جب کہ میں اور اپوزیشن جیل سے نہیں گھبراتے، فتح جمہوریت کی ہوگی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسپیکر اور چیئرمین کا رویہ متنازع ہے، کل سینیٹ کا اجلاس بھی بلالیا گیا ہے، ایجنڈا کوئی نہیں ہے، کون سا اہم مسئلہ تھا کہ جس کے لیے اجلاس بلایا گیا، یہ وہ رویہ ہے جس نے آج جمہوریت کو مفلوج کر دیا ہے تاہم ہماری تحریک اسی کے خلاف ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت قائم ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے وزیراعظم نے خود کہا کہ فوج اور آئی ایس آئی حکومت پر نظر رکھتے ہیں، وزیراعظم نے کنونشن سینٹر میں تصدیق کی کہ نوازشریف سے استعفیٰ مانگا گیا۔