کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 18 اکتوبر 2007 کو کارساز دھماکے میں شہید ہونے والے کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
سانحہ کارساز کی 13ویں برسی پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے شہداء کارساز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں نے جمہوریت، آئین کی بالادستی، پارلیمان اور بنیادی حقوق کے لیے شہادتیں دیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں نے دہشت گردی، جھوٹے مقدمات اور گرفتاریوں کا سامنا کرکے قربانیاں دی ہیں، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ وزیراعظم کی دھمکیوں کے باوجود جدوجہد جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت پسند سیاسی پارٹیاں و قیادت شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج جمع ہوں گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم جمہوریت پسند پارٹیوں کا سیاسی اتحاد ہے، پی ڈی ایم جمہوریت، معیشت اور خارجہ پالیسی کو درپیش تمام برائیوں سے نجات کے لیے ہے۔