کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
گزشتہ روز کراچی پہنچنے کے بعد مریم نواز اپنے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ مراز قائد گئیں تھیں جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی بھی کی تھی۔
اس دوران کیپٹن صفدر نے مزار قائد کی قبر کے قریب پہنچ کر ’ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگوا دیے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مزار قائد کے تقدس کو پامال کرنے پر کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا اور مقدمے میں مریم نواز کو بھی نامزد کرنے کا کہا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر اس قسم کی خبریں بھی زیر گردش رہیں کہ کیپٹن صفدر کے بعد مریم نواز کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
لیکن اب اس حوالے سے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے وضاحت کی ہے کہ مریم نواز کی گرفتاری کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی مریم نواز کی گرفتاری کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی گرفتاری کی جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
ترجمان ن لیگ نے بتایا کہ مریم نواز سہ پہر ساڑھے تین بجے پریس کانفرنس کریں گی۔