لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سابق کپتان یونس خان کو مستقل بنیادوں پر پاکستان کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا خواہش مند ہے اور اس سلسلے میں بات چیت بھی جاری ہے۔
پی سی بی ذرائع نے بتایا ہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یونس خان کو مستقل بنیادوں پر بیٹنگ کوچ کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش کی ہے اور اس حوالے سے ابتدائی بات چیت کا آغاز ہوچکا ہے۔
پی سی بی دورہ نیوزی لینڈ سے یونس خان کے اسائنمنٹ کے آغاز کا خواہشمند ہے تاہم اس کا انحصار یونس خان کی اپنی دستیابی اور خواہش پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق یونس خان نے پی سی بی کی پیشکش پر حتمی جواب نہیں دیا تاہم بات چیت کا مرحلہ جاری ہے۔
خیال رہے کہ یونس خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کیلئے عبوری بنیادوں پرکوچ مقرر کیا تھا، اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے سابق کپتان کی بطور بیٹنگ کوچ ڈریسنگ روم میں موجودگی کو سراہا تھا۔