امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سوڈان کے لئے 81 ملین ڈالر کے امریکی امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
پومپیو نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ امریکا نے بحران سے متاثر سوڈانی عوام کی بحالی کے لیے انسانی امداد طور پر 81 ملین ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا یہ فنڈنگ دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت اور بہبود پر صرف کی جانے والی امداد کا حصہ ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا دنیا بھر میں انسانی امداد کے شعبے میں سب سے زیادہ امداد فراہم کر رہا ہے۔
امریکی وزیرخارجہ کی طرف سے یہ اعلان سوڈان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات استوار کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔
جمعہ کے روز سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے تل ابیب کے ساتھ معمول کے مطابق تعلقات استوار کرنے کا اعلان کیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو ، سوڈان کے وزیر اعظم عبد اللہ حمدوک اور عبوری خود مختاری کونسل کے چیئرمین عبدالفتاح البرہان کے ساتھ فون پر گفتگو میں معاہدے کا اعلان کیا تھا۔