لاہور : خاتم النبین، بوجہ تخلیق کائنات حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے جشن ولادت کی مناسبت تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ پر لاثانی نعت و کلام کونسل کے زیر اہتمام”سیرت النبی ؐ کانفرنس“سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین قائدروحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی المعروف لاثانی سرکار نے کہاہے کہ خاتم النبیین حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم آپ ؐ کی آمد کی خوشی منانا پوری امت مسلمہ پر فرض ہے، کیونکہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ ؐ کو خاتم النبیین اور رحمت العالمین معبوث فرمایاہے۔ انہوں نے کہ حضور نبی کریم ؐ کی آمد سے پوری دنیا رحمتوں سے بھر گئی اور ہر سو رحمت کا اجالا ہوا اور باطل کے اندھیر ے ہمیشہ کیلئے چھٹ گئے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما اور پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صدر صاحبزادہ پیر شبیراحمد صدیقی نے کہاکہ حضور نبی کریم ؐ کی دنیا میں تشریف آوری پوری انسانیت کیلئے رحمت و بخشش کا ذریعہ ہے، لہذا ہمیں آپ ؐ کی آمد کی خوشی میں زیادہ سے زیادہ محافل ذکر و نعت اور محافل درودوسلام کا اہتمام کرنا چاہیے اور اس مبارک موقع پر اپنی نوجوان نسل کے دلوں میں عشق مصطفی ؐ کی شمع روشن کرنے کیلئے حضور نبی کریم ؐ کی سیرت طیبہ کی روشنی میں ان کی مکمل رہنمائی کرنی چاہیے اور ان میں محافل ذکرو نعت اور محافل درودوسلام کا اہمتام کرنے کا شعور اجاگر کرنا ہوگا۔ کانفرنس سے پیر الطاف حسین نقشبندی، پیر لیاقت علی نقشبندی، پیر محمد رمضان نقشبندی، پیر سید احمد ندیم شاہ، پیر سید عدنان اکر م، پیر صباح محمود، پیر محمد افتخار نقشبندی، پیر رفاقت علی نقشبندی، پیر محمد طاہر نقشبندی سمیت دیگر علماء و مشائخ نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اختتام پر بارگاہ رسالت ماب ؐ میں درودوسلام کے نذرانے اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔