ایرانی میزائل وینزویلا پہنچے توانہیں تباہ کر دیں گے: امریکا

Elliott Abrams

Elliott Abrams

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) ایران اور وینزویلا کے لیے وائٹ ہاؤس کے خصوصی ایلچی ایلیوٹ ابرامس نے متنبہ کیا ہے کہ امریکا وینزویلا کو بھیجے جانے والے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو تباہ کر دے گا۔

امریکی ٹیلی ویژن نیٹ ورک فاکس نیوز سے انٹرویومیں انہوں‌ نے کہا کہ ہے کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اس صورتحال سے بچنے کے لیے پوری کوشش کرے گی۔ اگر وینزویلا کو ایران کی طرف سے میزائل فراہم کیے جاتے ہیں توامریکا ایرانی میزائلوں کو تباہ کر دے گا۔

مختلف ذرائع ابلاغ کے حالیہ دنوں میں یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ تہران اور کراکس کے مابین کوئی میزائل معاہدہ نہیں ہوا ہے لیکن ایران نے اسلحہ فروخت کرنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا ہے اور وینزویلا اس کا ایک بڑا گاہک ہو سکتا ہے۔

ایران اور وینز ویلا کے درمیان پہلے ہی گہرے مراسم ہیں اور ایران وینز ویلا کو پٹرول کی ترسیل کرچکا ہے۔ اس کے بدلے میں وینزویلا حکومت کروڑوں‌ ڈالر سونا ایران کو فراہم کر چکی ہے۔