سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) عرب اتحاد نے یمن سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کے سعودی عرب کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل اور چھے مسلح ڈرونز کو تباہ کردیا ہے۔
عرب اتحاد کے مطابق حوثی ملیشیا نے بارود سے لدے ان ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب کے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جبکہ بیلسٹک میزائل سعودی عرب کے جنوبی شہر جازان کی جانب داغا گیا تھا۔
عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثیوں نے آج بھی سعودی عرب کی جانب ڈرون حملہ کیا ہے مگر اتحادی فورسز نے اس کے حملے کو ناکام بنادیا ہے۔
حوثی ملیشیا نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں یمن کے شمالی علاقوں سے سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب متعدد ڈرون اور میزائل داغے ہیں۔عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ ان ڈرون حملوں سے شہریوں اور شہری ڈھانچے کو بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہا ہے۔
عرب اتحاد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’دہشت گرد حوثی ملیشیا اور اس کے پس پشت قوتوں نے شہریوں اور شہری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ دہشت گردی کی یہ کوششیں بین الاقوامی انسانی قانون کی ننگی خلاف ورزی اور انسانی اقدار کے صریحاً منافی ہیں۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’دہشت گرد ملیشیا نے بموں سے لدے بغیر پائیلٹ طیاروں کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنانے کی غرض سے معاندانہ کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔اس کو یمن کی دو گورنریوں مآرب اور الجوف میں بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے،اس کے ردعمل میں اس نے مایوسی کی حالت میں اب سعودی شہریوں کے خلاف ڈرون حملے تیز کررکھے ہیں۔‘‘