مریم نواز کی شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے احتساب عدالت میں ملاقات

Maryam Nawaz and Shahbaz Sharif

Maryam Nawaz and Shahbaz Sharif

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مریم نواز اپنے چچا شہباز شریف اور کزن حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کے لیے احتساب عدالت پہنچ گئیں اور ملاقات کی۔

احتساب عدالت لاہور میں منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات سے متعلق ریفرنس پر سماعت ہوئی تو مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو سخت سکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں کوٹ لکھپت جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔

نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز بھی اپنے چچا شہباز شریف اور کزن حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کے لیے احتساب عدالت پہنچیں اور دونوں رہنماؤں سے ملاقات کی۔

مریم نواز کو کوٹ لکھپت انتظامیہ نے شہباز شریف سے جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی تھی جس کے باعث انہوں نے عدالت میں ملاقات کی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق مریم نواز نے شہباز شریف کو موجودہ سیاسی صورت حال پر اعتماد میں لیا، اور گلگت بلتستان الیکشن کی انتخابی مہم کے حوالے سے ہدایات بھی لی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ایاز صادق کے متنازع بیان پر بھی مشاورت ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد مریم نواز کی یہ پہلی ملاقات ہے۔

عدالت میں نیب پراسکیوشن نے شہبازشریف کیخلاف چاروں وعدہ معاف گواہوں کے بیان کی کاپیاں فراہم کیں۔ عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے وکلاء کو نقول فراہم کردیں۔ بکتر بند گاڑی میں عدالت لانے سے متعلق صحافی کے سوال کے جواب شہبازشریف نے کہا کہ یہ ظلم کی انتہا ہے ،کوئی بات نہیں ہے۔

شہباز شریف کی کمرہ عدالت میں احسن اقبال اور مریم اورنگزیب سے ملاقات بھی ہوئی جس میں شہباز شریف کو موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

عدالت نے ہائی پروفائل کیسز پر راستے بند اور سیکورٹی سخت ہونے سے عوام کو مشکلات کا حل نکالنے کے لیے ایس پی سیکیورٹی کو فوری طور پر عدالت طلب کر لیا۔ سماعت کچھ دیر کیلئے موخر کر دی گئی۔