کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان شوبزانڈسٹری کے سپر اسٹار اداکار شان شاہد نے پاکستانی ڈراموں میں دکھائی جانے والی کہانیوں اور ان میں بڑھتی ہوئی طلاق کی شرح پر تنقید کی ہے۔
پاکستان ٹی وی کے معروف مزاحیہ میزبان مصطفیٰ چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی ڈراموں میں دکھائی جانے والی بڑھتی ہوئی طلاق کی شرح کے رجحان پر اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں تنقید کی ہے اور ایک نجی چینل کا نام لیتے ہوئے کہا ’’یا اللہ روز کے 60 ڈراموں میں جس جس لڑکی کو طلاق ہونے والی ہے ان کا گھر بچالے۔ آمین۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: ترک ڈرامے ’’ارطغرل‘‘ کو نشر کرنے پر شان کی پی ٹی وی پر تنقید مصطفیٰ چوہدری کی اس ٹوئٹ کے جواب میں اداکار شان نے بھی پاکستانی ڈراموں کی کہانیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’’آپ نے صحیح کہا، اب تو ان کو طلاق کا دفتر بھی کھول لینا چاہیئے، اتنی پروموشن کے بعد۔‘‘
مصطفیٰ چوہدری اوراداکار شان کے اس ٹوئٹ پر لوگوں نے بھی پاکستانی ڈراموں میں آج کل دکھائی جانے والی کہانیوں پر تنقید کرتے ہوئے غصے کا اظہار کیا اور کہا موجودہ دور میں اسی قسم کے ڈرامے بن رہے ہیں۔ نازش نامی خاتون موجودہ دور کے ڈراموں سے کافی نالاں نظر آئیں انہوں نے لکھا پاکستانی ڈراموں میں آج کل طلاق، پہلی بیوی کو بتائے بغیر دوسری شادی، بیوی پر ظلم، نند کی بھابھیوں کے ساتھ لڑائیاں ان سب کے علاوہ اور کچھ ہے ہی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی کو ’ ارطغرل غازی‘ جیسے ڈرامے بنانے کی ضرورت ہے
واضح رہے کہ اداکار شان نے اس سے قبل پاکستان میں ترکی کے مقبول ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کو پی ٹی وی پر دکھانے پر تنقید کی تھی۔ بعد ازاں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں بیرون ملک کے ڈرامے نہیں دکھانے چاہیئں بلکہ ہمیں خود ارطغرل جیسے ڈرامے بنانے کی ضرورت ہے۔