سعودی عرب: کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے متجاوز

Saudi Arabia Coronavirus

Saudi Arabia Coronavirus

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے متجاوز ہوگئی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں سعودی وزارت صحت نے کروناوائرس کے 407 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 19 افراد جان کی بازی ہارگئے ہیں۔

وزارت صحت نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ اب مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 350229 ہوگئی ہے۔

سعودی عرب میں اب تک کرونا وائرس کے 5525 مریض وفات پاچکے ہیں۔گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے مزید 433 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اب تن درست ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 336966 ہوگئی ہے۔

دارالحکومت الریاض میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان کی تعداد 63 ہے،اس کے بعد مدینہ منورہ میں43 ، جدہ میں 41 ،مکہ مکرمہ میں 27 ، حائل میں 23 اور ینبع میں 20نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔کرونا وائرس کے باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔