لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری کورونا کی دوسری لہر کے باوجود احتیاط نہیں کر رہے۔ صحت اور زندگی کے لیے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا بڑھنے کیساتھ ساتھ شرح اموات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے لیکن اس کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہوا تو مزید سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد 6556 ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ پنجاب میں کورونا کے 369 کنفرم کیسز سامنے آئے اور 8 مریض جاں بحق ہوئے۔ اس دوران 10802 کورونا تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے تھے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کے اب تک 1670914 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ کورونا کے 106577 مریضوں میں سے 97614 مریض صحتیاب جبکہ پنجاب میں کورونا سے 2407 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔