کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایم کیو ایم لندن کے مطلوب اشتہاری دہشت گرد فہیم جاوید عرف انقلابی کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشن 2 عارف عزیز کے مطابق کورنگی میں ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر فہیم جاوید عرف انقلابی کو گرفتار کیا گیا ہے جو قتل کی 7 وارداتوں میں مطلوب تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نے یہ وارداتیں اپنے ساتھیوں ظفر عرف فیصل مینڈک اور ارشد عرف چھوٹا اسد کے ساتھ مل کر کیں۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش لانڈھی، کورنگی اور زمان ٹاؤن میں اغوا کے بعد قتل کرنےکا اعتراف کیا جب کہ ملزم نے تمام وارداتیں 2012 میں کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ فہیم جاوید عرف انقلابی نے محبت خان اور سمیع اللہ نامی شخص کو اغواکیا اور ساتھی ظفر عرف فیصل مینڈک اور عابدکے ساتھ قتل کیا۔ ملزمان نے قتل کی یہ واردات اس وقت کے ایم کیو ایم کے ممبر صوبائی اسمبلی علیم الرحمان کے پلاٹ پر کرنے بعد لاش پھینک دی۔