ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مستحکم، سونے کی قیمت میں بڑی کمی

Dollar

Dollar

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مستحکم ہوگیا جبکہ سونے کی قیمت میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے اور پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان رہا۔

ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ آج بھی برقرار رہا۔ انٹربینک میں ڈالر کی قدر 21 پیسے کم ہوئی ہے ۔

انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کی قدر 158 روپے 69 پیسے ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 15 پیسے کم ہوکر 158 روپے 65 پیسے ہے۔

علاوہ ازیں ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 2500 روپے کم ہوئی ہے۔

سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 2500 روپے کمی کے بعد ملک میں ایک تولہ سونےکی قدر ایک لاکھ 12 ہزار روپے ہوگئ ہے۔

10 گرام سونے کی قدر 2143 روپے کم ہوکر 96 ہزار 108 روپے ہے ۔ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ بازار میں سونے کی قدر 80 ڈالر کم ہوکر 1877 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔

ادھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کا مثبت دن رہااور 100 انڈیکس 369 پوائنٹس اضافے پر بند ہوا۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 41 ہزار 153 پوائنٹس رہا۔

کاروباری دن میں 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 41602 جبکہ کم ترین 40784 رہی۔ بازار میں آج 35 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 15 ارب 14 کروڑ روپے سے زائد رہی۔

کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن 48 ارب روپے اضافے سے 7578 ارب روپے ہے۔