اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر مزارات، تھیٹر اور سنیما گھر فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سربراہ این سی او سی اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں پاکستان میں کورونا کی صورت حال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں تعلیم کے شعبے سمیت ملک میں وبائی مرض کے اعداد و شمار اور پھیلاؤ کا جائزہ لیا گیا۔
اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کی تجویز بھی دی گئی جب کہ ہائی رسک ایریاز میں کورونا پابندیاں مزید سخت کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔
اجلاس میں ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق بڑے نقصان سے محفوظ رہنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے کا انتظار ہے، تعلیمی اداروں میں کورونا کے مثبت کیسز میں تیزی سے اضافے کو روکنے کی ضرورت ہے۔
16 نومبر کو وفاقی اور صوبائی وزراء تعلیم کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیں گے جس میں کورونا کے پھیلاؤ کے اثرات کم کرنے کے لیے موسم سرما کی تعطیلات جلدی اور طویل کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔
این سی او سی کے اجلاس میں مزارات، تھیٹر اور سینما گھروں کو فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ 20 نومبر سے صرف 500 افراد کی حد کے ساتھ بیرونی شادیوں کی اجازت ہو گی۔
این سی اوسی نے کئی ماہ سے اب تک مساجد میں ایس او پی کی تعمیل کو سراہا اور مستقبل میں بھی مساجد کو ایس او پیز پر عمل دآرمد جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔