یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت نے عرب اتحادی فوج کی معاونت سے ملک میں مختلف محاذوں پر حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائی کے دوران شدت پسند گروپ کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق حکومتی فورسز اور اس کی معاون مزاحمتی فورسز نے مشرقی صنعا میں نھم اور مغربی مارب میں المخدرہ کے محاذوں پر حملوں میں کم سے کم 23 حوثی جنگجووں کو ہلاک کر دیا ہے۔
یمنی حکومت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے حوثیوں کے خلاف آپریشن میں عرب اتحادی فوج اور مقامی مزاحمت کاروں کی بھی مدد حاصل تھی۔ المخدرہ کے محاذ پر آئینی فوج نے گھات لگاکر حوثیوں کے کانوائے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 23 جنگجو ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
ادھر مشرقی صنعا میں نھم کے محاذ پر لڑائی میں حوثیوں کی تین گاڑیوں اور اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری مقدار تباہ کر دی گئی۔