جینوا : روح ِگلاب ‘ کے نام سے مشہور یہ گلابی ہیرا روس میں دریافت ہوا تھا جسے، قدرت کا ایک”حقیقی عجوبہ“کہا جاتا ہے۔ گلابی ہیروں کی کانکنی اب بند ہوچکی ہے اس لیے مستقبل میں اس کے نئے مالک کے لیے یہ کافی نفع بخش ثابت ہو سکتا ہے۔
اپنی نوعیت کے اس نایاب، قرمزی گلابی، ہیرے کی نیلامی جینوا میں سوتھبیز کے نیلامی گھر میں بدھ 11 نومبر کو ہوئی جسے ایک شخص نے دو کروڑ 66 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ بولی لگا کرخرید لیا۔ اس ہیرے کو ‘اسپرٹ آف دی روز’ یعنی روحِ گلاب کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اپنی خوبصورتی اور ندرت کی وجہ سے اسے ”قدرت کا ایک حقیقی عجوبہ” بھی کہا جاتا ہے۔
بیضوی ہیئت میں یہ ہیرا 14 اعشاریہ 83 قیراط کا ہے۔ سوتھبیز کے اہلکاروں کو اندازہ تھا کہ نیلامی میں اس کی قیمت سوا دو کروڑ سے تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک جا سکتی ہے۔ نیلامی کی شروعاتی قیمت ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر رکھی گئی تھی اور بالآخر آخری رقم دو کروڑ دس لاکھ ڈالر تک پہنچی اور اس طرح کمیشن شامل کر کے یہ ہیرا ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوا۔
نیلامی میں اس ہیرے کی بولی لگانے والے بہت سے لوگ آئے تھے تاہم ٹیلی فون پر بولی لگانے والے ایک گمنام شخص نے سب سے زیادہ رقم دے کر اسے اپنے نام کر لیا۔ حالیہ برسوں میں دیکھا گیا ہے کہ قدرتی طور رنگین ہیروں کو دنیا کے امیر ترین افراد نے نہ صرف پسند کیا بلکہ خریدا بھی ہے۔ سفید ہیروں کے بر عکس یہ پتھر جالی کی ایک ایسی مخصوص پرت سے لیس ہوتے ہیں جو رنگت کو متاثر کرنے والی روشنی کے روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایمانوئل ماموح پیشے کے اعتبار سے ایک پادری ہیں لیکن اپنے فارغ اوقات میں وہ کان کنی بھی کرتے ہیں۔ مارچ میں ایمانوئل کو 706 قیراط کا ایک ہیرا ملا تھا، جسے انہوں نے حکومت کے حوالے کر دیا تھا۔ اس کی قیمت 7.7 ملین ڈالر لگی ہے لیکن کم قیمت کی وجہ سے آئندہ ہفتوں کے دوران بیلجیم میں اسے دوبارہ نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔
عالمی سطح پر آسٹریلیا کی معروف ارجائل کان میں سب سے زیادہ گلابی رنگ کے ایسے ہیرے پائے جاتے ہیں اور یہیں سے سب سے زیادہ سپلائی بھی کیے جاتے رہے ہیں۔ تاہم حالیہ کچھ عرصے سے اس کان میں ایسے گلابی ہیرے نکلنا تقریبا بند ہوگئے جس کی وجہ سے اسی ماہ اس کان میں کانکنی بھی روک دی گئی۔
یہ گلابی ہیرا جولائی 2017 میں روس کے ہیرا پروڈیوسر الروزہ کو ایک کان سے حاصل ہوا تھا جو اب تک کے سب سے بڑے گلابی رنگ کے پتھر کو تراش خراش کر تیار کیا گیا ہے۔ تائی پیئی، ہانگ کانگ اور سنگا پور جیسے بڑے شہروں میں بھی اس کی نمائش ہو چکی ہے۔
یورپ میں آن لائن ہیروں کے سب سے بڑے تاجر توبیاس کورمنڈ کا کہنا ہے کہ ”چونکہ گلابی ہیرے گزرتے وقت کے ساتھ نایاب ہوتے جارہے ہیں اس لیے خوش قسمت خریدار کے لیے یہ آنے والے برسوں میں بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے کافی نفع بخش ثابت ہوسکتا ہے۔” سوتھبیزکا کہنا ہے کہ اس نے اب تک جو دس سب سے قیمتی ہیرے فروخت کیے ہیں وہ سب کے سب گلابی رنگت کے تھے۔